.
اسرار بخاری
ازل سے ابد تک کس کی شان ہو گی کہ آئے سب کے بعد اور ذکر سب سے پہلے۔ ہر الہامی کتاب میں ؑورفعنا لک ذکرک (تمہارا ذکر بلند کر دیا گیا) پہلی الہامی کتاب زبور جو حضرت داؤدؑ پر نازل ہوئی‘ دوسری الہامی کتاب تورات جو حضرت موسیٰؑ پر اتاری گئی اور تیسری الہامی کتاب انجیل جو حضرت عیسیٰؑ پر وحی ہوئی ہر کتاب میں بتایا جا رہا ہے‘ ہر کتاب میں نشانیاں دی جا رہی ہیں‘ ہر رسولؑ اور نبیؑ نے اپنی امتوں کو تلقین کی اگر وہؐ تمہاری زندگی میں تشریف لے آئیں تو میری نہیں ان کی تقلید کرنا ان کی شریعت پر چلنا کیونکہ ہم تو خود ان کے امتی ہونے کی حسرت اپنے دلوں میں پاتے ہیں۔ یہ مسلسل تذکرے بجائے خود ٹھوس دلیل ہیں کہ وہ مخلوقؐ کیسی شان رکھتی ہے جس کا مسلسل تذکرہ خالق کو اچھا لگ رہا ہے اور اتنا اچھا لگ رہا ہے کہ غیر الہامی کتب کے دامن بھی مولائے کل‘ دانائے سُبل‘ ختم الرُسل کے تذکرے سے بھر دیئے جسے پڑھتے ہوئے جس سے آگاہی نے قلوب و اذہان میں تحیر آمیز مسرت کے چراغ روشن کر دیئے۔ تحیر آمیز اسلئے کہ نبیؐ آخر الزماں کے حوالے سے روشن پیشن گوئیاں مسلمانوں کی الہامی کتابوں سے کہیں زیادہ واضح طور پر ہندوؤں کی کتابوں میں بصورت نشانیاں دی گئی ہیں اور حسرت و افسوس میں گندھی حیرت یوں کہ ہندوؤں کو تو مسلمانوں سے بڑھ کر اس ذاتؐ والا صفات کو تسلیم کر لینا چاہئے تھا۔
ہندوؤں کی مقدس کتابیں مہا بھارت اور رامائن ہیں جبکہ اٹھارہ کتابیں بھی مقدس ہیں جو منظوم ہیں ان میں شامل اشلوک یعنی اشعار کی تعداد تین لاکھ تراسی ہزار ایک سو ہے عیسائیوں کی طرح ہندو بھی تثلیث کے قائل ہیں اور ویشنو‘ شیو اور برہما کی پوجا کرتے ہیں لیکن برہما سے زیادہ درگا دیوی کے پجاری ہیں‘ متذکرہ اٹھارہ کتابوں میں سے ایک ’’بھوشیا پران‘‘ ہے اسکی ایک فصل کا عنوان پرتی سرگ ہے اس میں بتایا گیا ہے جو رسول ’’کل جگ‘ یعنی گمراہی‘‘ ظلم اور فساد کی فضا میں ہو گا اس کا نام ’’سرو انما‘‘ ہو گا ’’انما‘‘ کا مطلب ہے جس کی تعریف کی جائے اور ’’سرو‘‘ کے معنی ہیں ’’سب سے زیادہ‘‘ سروانما کا مطلب ہر وہ شخصیت جسکی سب سے زیادہ تعریف کی جائے عربی میں اسکے معنی ہیں محمد‘ اور جس ’’سروانما‘‘ کی پیشن گوئی کی گئی ہے جس کا نام ’’کلکی اوتار‘‘ رکھا گیا ہے کیونکہ یہ کل جگ کے دور میں انسانوں کو تاریکیوں سے نکال کر اجالوں میں لے آئیگا۔
کلکی پورن ادھیائے 2‘ اشلوک 11 میں درج ہے کلکی اوتار ’’سومتی‘‘ سے پیدا ہو گا اور اسکے باپ کا نام ویشنوویش ہو گا سومتی کا مطلب ہے ’’امن پانے والی‘‘ جو آمنہ کا مطلب ہے اور ویشنو (بھگوان یا خدا) اور ویش (بندہ) یعنی بھگوان یا خدا کا بندہ عربی میں عبداللہ‘ اشلوک 18 میں ہے کلکی اوتار شنبل گرام میں ویشنوویش کے ہاں انکے برہمن مہنت (دینی پیشوا) کے گھر پیدا ہو گا۔ شنبل کے معنی ہیں ’’امن والا‘‘ اور گرام کے معنی ہیں شہر یا گاؤں‘ پوری دنیا میں البلد الامین یعنی امن والا شہر مکہ معظمہ ہی ہے اشلوک 15 کے مطابق کلکی اوتار بیساکھ مہینے کی بارہ تاریخ کو پیدا ہو گا ہندی کیلنڈر کے مطابق آپؐ کی 12 بیساکھ 628 بکرمی کو ولادت ہوئی جو عربی کیلنڈر کے مطابق 12 ربیع الاول سال عام الفیل (1) بروز سوموار ہے جو ہندو عقیدے میں نہایت مقدس
دن ہے۔ کلکی پوران اسکنڈ 12 کے مطابق کلکی اوتار کے والد اس کی پیدائش سے پہلے اور والدہ پیدائش کے تھوڑے عرصے بعد انتقال کر جائیں گی یہ بھی حضورؐ نبی کریم پر صادق آتا ہے جوان ہو کر کلکی اوتار سالمل دیپ کی سیدہ سے شادی کریگا اور شادی کا یہ کام اسکے چچا اور تین بھائی انجام دینگے۔
قدیم ہندوؤں کے نزدیک سالمل دیپ جزیرہ نمائے عرب ہے اور حضرت خدیجہ ؓ قریش کی سیدہ تھیں شادی کے انتظامات آپ کے چچا ابو طالب‘ چچا زاد بھائی جعفر‘ طالب اور عقیل نے انجام دیئے کلکی اوتار ایک پہاڑ کی گھپا (غار) میں جائیگا اور وہاں پرشورام سے علم حاصل کریگا پرشورام ہندوؤں کے نزدیک ایک فرشتے کا نام ہے جو دین کے دشمن کفار اور ملحدین پر عذاب لاتا ہے سنسکرت میں پرشورام کے معنی روح القدس ہیں جبکہ عربی میں جبرئیلؑ ہیں‘ جو غار حرا میں آپؐ پر وحی لیکر آتے تھے۔
کلکی اوتار اپنے دین کی دعوت شنبل گرام (مکہ) میں دیگا شہر کے لوگ مخالفت کرینگے تکلیف پہنچائیں گے چنانچہ وہ یہ شہر چھوڑ کر شمال کی طرف چٹانوں اور پہاڑوں سے گھرے شہر میں ہجرت کر جائیگا۔ پھر ایک عرصہ بعد تلوار لے کر واپس آئیگا اور اپنے شہر کو فتح کریگا اسکے بعد سارا ملک فتح ہو جائیگا‘ یہ فتح مکہ کی پیشن گوئی ہے‘ اشلوک 19‘ 20 میں کلکی اوتار کو ایک اڑنے والا گھوڑا دیا جائیگا جو بجلی سے تیز ہو گا یہ اس پر سوار ہو کر زمین اور ساتوں آسمانوں کی سیر کریگا یہ معراج النبیؐ کی پیشن گوئی ہے اشلوک 7 میں ہے ایک جنگ کے اندر فرشتوں کے ذریعہ کلکی اوتار کی مدد کی جائیگی یہ جنگ بدر کی پیشن گوئی ہے۔ اشلوک 25 میں ہے کلکی اوتار آخری پیغمبر ہو گا جو سارے پیغمبروں کا خاتم ہو گا قرآن نے آپؐ کو ہی خاتم النببینؐ قرار دیا ہے۔ اشلوک 20 میں ہے وہ ایسا خوبصورت ہو گا کہ اسکے حسن و جمال کی مثال نہ ہو گی اشلوک 21 کے مطابق کلکی اوتار کے جسم سے نہایت عمدہ خوشبو پھوٹتی ہو گی جو فضا کو معطر کریگی اور طبیعتوں میں نہایت فرحت لائیگی۔ یہ سب آپؐ کی ہی نشانیاں ہیں حضرت ام سلیمؓ تو آپؐ کے پسینے کو شیشی میں بھر کر بطور پرفیوم استعمال کرتی تھیں۔ اسؐ کی سواری اونٹ ہو گا اور بارہ بیویاں ہونگی ازواج مطہراتؓ کی تعداد گیارہ ہے جبکہ بارہویں نے شب عروسی میں ہی خلع حاصل کر لیا تھا اور ساری عمر پچھتاتی رہی تھیں۔ منتر پھاٹک 9 برہمن میں ہے اسے دس خصوصی یار عطا کئے جائینگے جو بڑی خوبیوں کے مالک ہوں گے۔ یہ عشرہ مبشرہ صحابہ کرامؓ کی پیشن گوئی ہے۔
ہندوؤں کی مقدس کتابوں میں آپؐ کے بارے میں اس قدر تفصیل سے پیشن گوئیاں کی گئی ہیں کہ اس کالم کی تنگ دامنی ان سب کے تذکرے کی متحمل نہیں ہے اور یوں لگتا ہے کہ جیسے یہ ہندوؤں کی نہیں بلکہ مسلمانوں کی مقدس کتابوں کی پیشن گوئیاں ہیں اور یوں بھی لگتا ہے کہ اللہ سبحانہ تعالیٰ نے یہودیوں‘ عیسائیوں اور ہندوؤں کی مقدس کتابوں میں نبیؐ آخر الزماں کی واضح نشانیاں دے کر نہ ماننے والوں کیلئے انکار کے تمام دروازے بند کر دیئے ہیں کہ اب وہ لاعلمی کا عذر پیش نہیں کر سکتے البتہ اس میں افسوسناک حیرت کا سامان ضرور ہے کہ اتنی واضح نشانیوں اور ختم نبوت کی کھلی پیشن گوئی کے باوجود وہ تاریکی سے روشنی میں کیوں نہیں آ سکے (دارالسلام کی شائع کردہ سیرت انسائیکلوپیڈیا سے ماخوذ)
بشکیہ پیغام میڈیا